اسلام آباد ( سچ نیوز ) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یاﺅژنگ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ شہر ووہان کے علاوہ چین کے باقی شہروں سے پاکستانی شہریوں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چینی سفیر یاﺅ ژنگ کا کہنا تھا کہ چین میں اب تک کرونا وائرس سے 371 افراد ہلاک ہو چکے ہیں،وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کی ڈبلیو ایچ او نے بھی تعریف کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کے باعث چین میں تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں،کرونا وائرس میں مبتلا 500 سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔چینی سفیر نے امید ظاہر کی کہ وہ کرونا وائرس سے نمٹ لیں گے ، چین اس وائرس پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتا ہے، ویکسین کے حوالے سے تحقیق کا سلسلہ جاری ہے اور اپنے اقدامات سے دنیا کو بھی آگاہ کیا جارہا ہے، وائرس کے حوالے سے ڈبلیو ایچ اوسمیت دیگر اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔