بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے خلاء میں اپنا الگ سٹیشن بنانے کا کام شروع کر رکھا ہے اور گزشتہ روز پہلی بار اس الگ چینی خلائی سٹیشن کے لیے تین خلاء باز زمین سے روانہ ہو گئے۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق یہ خلاء باز ’لانگ مارک 2ایف راکٹ‘ پر اس نئے خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہوئے جس کا نام ’تیان گونگ سٹیشن‘ (Tiangong station)رکھا گیا ہے۔ یہ خلاء باز اس خلائی سٹیشن پر 3ماہ گزاریں گے۔
رپورٹ کے مطابق چین کی طرف سے خلاء بازوں کو نئے خلائی سٹیشن پر بھیجے جانے کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا چنانچہ اس راکٹ کی روانگی کا عمل ٹی وی چینلز پر لائیو دکھایا گیا۔ یہ راکٹ چین کے صحرائے گوبی میں تعمیر کیے گئے جیوشوان لانچ سنٹر سے روانہ ہوا۔ یہ راکٹ 10منٹ کے سفر کے بعد مدار تک پہنچ گیااور سپیس کرافٹ راکٹ سے الگ ہو گیا۔واضح رہے کہ چینی سائنسدانوں نے رواں سال 29اپریل کو ایک ماڈیول خلاء میں بھیجا تھا۔ گزشتہ روز روانہ ہونے والے خلاء بازاس ماڈیول میں رہائش اختیار کریں گے۔