قندھار (سچ نیوز) کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو افغانستان میں خودکش حملے میں مارا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ ماہ کالعدم بی ایل اے نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا تھا۔ جس وقت حملہ ہوا اس وقت اس کا ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو بھارت کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھا لیکن اب خبر آئی ہے کہ وہ افغانستان میں اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔ذرائع کے مطابق قندھار میں کالعدم بی ایل اے کمانڈر اسلم اچھو کی رہائشگاہ کے باہر خودکش حملہ ہوا جس میں اسلم اچھو، کریم مری، روستو، تاجو اور فرید سمیت 7 لوگ ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔حملے کے وقت اسلم اچھو دوستوں کے ساتھ گھر کے باہر بیٹھا تھا۔اسلم اچھو کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے اور دالبندین میں چینی باشندوں کی بس پر حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔