اسلام آباد ( سچ نیوز) صدر پاکستان عارف علوی نے ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہٰی کو مدت پوری ہونے سے پہلے ہی عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ تحریک انصاف کے رہنما و گلوکار ابرار الحق کو نیا چیئرمین تعینات کردیا ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس قدم کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیا جارہا ہے کیونکہ قواعد کی رو سے اس عہدے پر ایک بار تقرری کردی جائے تو اس شخص کو مقررہ مدت 3 سال پوری ہونے سے پہلے ہٹایا نہیں جاسکتا۔
گزشتہ دنوں صدر مملکت نے ٹیکس محتسب مشاق سکھیرا کو بھی مدت ملازمت پوری ہونے سے پہلے ہی عہدے سے ہٹادیا تھا لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں ان کے عہدے پر بحال کردیا تھا۔ اس سے قبل چیئرمین پی آر سی ایس پنجاب محمد حنیف کو بھی مدت ملازمت پوری ہونے سے پہلے ہی عہدے سے ہٹادیا گیا تھا، انہیں اس وقت کے گورنرپنجاب سردار لطیف کھوسہ نے عہدے سے ہٹایا تھا لیکن ان دنوں لاہور ہائیکورٹ میں خدمات سرانجام دینے والے جسٹس منصور علی شاہ نے یہ حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بحال کردیا تھا۔
مزید برآں ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر پاکستان مفادات کے ٹکراﺅ کے زمرے میں بھی آتی ہے کیونکہ وہ پہلے ہی ایک این جی او، پرائیویٹ ہسپتال اور پرائیویٹ میڈیکل کالج کی سربراہی کر رہے ہیں ۔ وہ اپنے خیراتی ادارے ’سہارا‘ کیلئے عطیات جمع کرتے ہیں اس لیے وہ ایسے دو اداروں کے بروقت سربراہ نہیں بن سکتے جن کے کام کرنے کا طریقہ کار ایک جیسا ہے۔