ماسکو( سچ نیوز )کرونا وائرس نے دنیا بھرمیں لوگوں کو محتاط کردیا ہے،یہ احتیاطی تدابیر عموما لوگ اپنا بھی رہے ہیں مگر روس میں حکومتی ادارے کی جانب سے ایسی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سن کر روسی شہری پریشان ہوگئے ہیں۔جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق صارفین کے حقوق کے محافظ روسی واچ ڈاگ نے کرونا وائرس روکنے کیلئے حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ شہری ہاتھ ملانے،بوسہ دینے یا چوم کر خوش آمدید کرنے سے گریز کریں۔شہریوں کو بھیڑ والے مقامات پر جانے، عوامی مقام پر ماسک پہننے اور لوگوں غیر ضروری میل جول سے بھی بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لوگوں کو بال باند ھ کر رکھنے، فلو والے لوگوں سے مصافحہ نہ کرنے، دروازوں کے ہینڈل بھی نہ پکڑنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔خیال رہے روس میں تاحال کرونا وائرس کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے تاہم اس نے احتیاطی تدابیر اختیارکرتے ہوئے چین سے ملحقہ سرحد پر پابندیاں نافذ کی ہیں۔ حکومتی ادارے نے نجی شعبوں کو ہدایات کی ہے کہ جن کے ہاں چینی باشندے ملازمت کرتے تھے اور نیا سال منانے کیلئے چین گئے ہوئے ہیں ان کی چھٹیاں بڑھا دی جائیں۔
واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس اب تک تین سو چار قیمتی جانیں نگل چکا ہے جبکہ چودہ ہزار افراداس مرض کے شبہ میں ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ دنیا بھرمیں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ اقوام عالم اس وائرس سے بچاوکیلئے ملکی سطح پر بھی اقدامات کررہی ہیں۔