پشاور( اکرام الدین)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کے لئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں حکمرانوں کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں خصوصاً پیپلز پارٹی کے قائدین پر جھوٹے اور بے بنیاد کیسز بنا کر انکوگرفتار کرنے سمیت جیل بھیجا جاتا ہے جو بعد میں بے گناہ ثابت ہو کر رہا ہو جاتے ہیں جبکہ حکمران خود عدالتوں کا سامنا کرنے سے کتراتے ہیں جس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ موجودہ حکمران سیاسی طور پر نا بالغ ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ ایڈوکیٹ نے بین الاقوامی گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے ساتھ ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی موجودہ حکمرانوں کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی تاہم جمہوری نظام کو کسی طور پر نقصان نہیں پہنچائے گی کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے سے بھری پڑی ہے جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ساتھ مل کر موجودہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں سے استعفیٰ لیکر ہی رہے گی تاہم پیپلز پارٹی کے ممبران کسی طور پر بھی استعفے نہیں دینگے اور ایوانوں میں رہ کر موجودہ نا اہل حکمرانوں کا بھر پور مردانہ وار مقابلہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمانوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے وزیر اعظم عمران خان کو سب اچھا ہے کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار نہیں کرنا چاہئے اور نہ ہی خیالی پلاؤ بارے ٹوئٹر پر پیغامات جاری کرنے چاہئیں بلکہ عملی طور پر عوام میں جا کر عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کریں کیونکہ موجودہ حکومت آنے کے بعد ملک میں مہنگائی دو سو فیصد بڑھی ہے جس کے باعث غریب عوام خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکمران اقتدار کی مزے لوٹ رہے ہیں۔