لاہور (روزنامہ سچ نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی امن و امان کی صورت حال کے باعث پنجاب حکومت نے دو روز کیلئے سکول بند کردیے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر صوبے بھر میں 11 اور 12 مئی کو سکول بند رہیں گے۔
خیال رہے کہ عمران خان کو گزشتہ روز القادر یونیورسٹی کیس میں نیب نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے انہیں آٹھ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ہی ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے، اس دوران املاک کو نقصان پہنچانے کے متعدد واقعات بھی پیش آئے ہیں۔





























