لاہور: (سچ نیوز ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ سپیکر پرویز الہیٰ کے لیڈر پہلے پرویز مشرف تھے، اب عمران خان ہیں، ہم ان کی لیگی کارکنوں کیخلاف یکطرفہ کارروائی کو نہیں مانتے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان نے پنجاب اسمبلی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرہ بازی کی۔ لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سپیکر کی جانب سے جب تک 6 معطل لیگی اراکین کی رکنیت بحال نہیں کی جاتی وہ اپنا دھرنا جاری رکھیں گے۔ لیگی رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ معطل ارکان کی رکنیت بحال کرتے ہوئے اسمبلی داخلے پر عائد پابندی ختم کی جائے۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چھ معطل اراکین کو پولیس اسمبلی میں نہیں جانے دے رہی، سپیکر نے ہمارے اراکین کیخلاف یکطرفہ کارروائی کی، اس جعلی کارروائی کو نہیں مانتے، ایسا کبھی پہلے ایوان میں نہیں ہوا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پہلے مشرف اور اب عمران خان پرویز الہیٰ کے لیڈر ہیں، وہ فرماتے ہیں کہ شہباز شریف غلط اور نیب ٹھیک کہہ رہی ہے لیکن وہ جتنے مرضی نیب کے ترجمان بن جائیں، ان کی دال گلنے والی نہیں ہے۔