نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور میں واقع امید بھون پیلس میں اداکارہ پریانکا چوپڑا اور نک جونز کی شادی کی تقریب جاری ہے جس میں دولہا دلہن نے مہمانوں کے لیے ایک ایسی دکان بھی سجا دی ہے کہ آج تک کسی شادی میں یہ کام نہیں کیا گیا تھا۔ میل آن لائن کے مطابق 36سالہ پریانکا اور26سالہ نک نے امید بھون پیلس میں ایک بڑا کمرہ مہنگے ڈیزائنر ملبوسات کی دکان میں بدل دیا ہے۔ اس کمرے میں شادیوں میں پہنے جانے والے روایتی ملبوسات کی وسیع رینج سجائی گئی ہے جہاں سے مہمان اپنی پسند کا لباس منتخب کرکے پہن سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہاں پونیت بالنا، ابو جانی اور سندیپ کھوسلا جیسے بڑے ڈریس ڈیزائنرز کے ملبوسات رکھے گئے ہیں جن کا کام بالی ووڈ میں بہت مقبول ہے۔پریانکا چوپڑا نے جمعہ کے روز ہونے والی اپنی مہندی کی تقریب میں جو لباس پہنا تھا وہ بھی ابو جانی اور سندیپ کھوسلانے ڈیزائن کیا تھا۔آج اپنی شادی کے روز پریانکا جو عروسی جوڑا پہنیں گی وہ بھارت کے بہت بڑے ڈیزائنر سبیاسچی مکھرجی نے ڈیزائن کیا ہے۔ سبیاسچی بھی جمعہ کے روز سے جودھ پور میں موجود ہیں۔