لودھراں (سچ نیوز ) تحریک انصاف کے رہنماجہانگیر ترین نے کہا ہے کہ سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے پر بڑا دکھ ہوا ہے کبھی نہیں سنا کہ ہائیکورٹ کے جج صاحبان نے اپنے فیصلوں میں ایسے الفاظ استعمال کیے ہوں، اچھا ہوتا کہ عوام کے گلے کاٹنے والے دہشت گردوں کے خلاف ایسے الفاظ استعمال کیے جاتے۔جہانگیر ترین نے لودھراں کے علاقے راجہ پور میں اراضی ریکارڈ سینٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع کے حوالے سےقانونی مشاورت ہورہی ہے مجھے یقین ہے کہ آرمی چیف کی توسیع میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔پرویز مشرف کو واپس لانے کے سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ معاملے پر مشاورت ہوگی دیکھتے ہیں کیا ہوگا۔جہانگیر ترین نے کہا کہ صوبہ بنانے کا وعدہ کیا ہے جس کے لیے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستانی کاٹن نہیں اٹھائیں گے تب تک ڈیوٹی فری کاٹن امپورٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کے پریشر کی کمی کا مسئلہ لودھراں نہیں پورے پاکستان کا ہے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر بڑا دکھ ہوا ہے، فیصلے سے مسئلہ بنا ہوا ہے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ریاست کے اداروں میں ٹکراﺅ یا کشیدگی ہو۔