حیدر آباد (سچ نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی راجا سنگھ نے دھمکی دی ہے کہ وہ شعیب ملک کو ریاست تلنگانہ یا اس کے درالحکومت حیدر آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ثانیہ مرزا کو ریاست تلنگانہ کی برانڈ ایمبیسڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔ خیال رہے کہ شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدر آباد سے تعلق رکھتی ہیں۔بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے ریاست تلنگانہ سے رکن اسمبلی راجا سنگھ نے اے بی پی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شعیب ملک کو حیدر آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے اور اگر داخل ہوگا تو اسے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ’ ہمارا پاکستان زندہ باد‘ کا ٹویٹ کیا جس سے من کو تکلیف ہوئی اس لیے ایسے شخص کو تلنگانہ اور حیدر آباد میں نہیں آنے دیں گے۔
راجا سنگھ نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ تلنگانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ثانیہ مرزا کو ریاست کی برانڈ ایمبیسڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔ جب ثانیہ مرزا کے شوہر ’ ہمارا پاکستان زندہ باد‘ کا ٹویٹ کرسکتا ہے تو یہ تو ہمارے دیس کی بیٹی ہے ، یہ کم از کم ہندوستان زندہ باد کا ٹویٹ تو کرہی سکتی ہے۔ اسے ہم تلنگانہ ریاست کا برانڈ ایمبیسڈر نہیں رہنے دیں گے ، اسے ہم ہمارے پیسے سے موج مستی نہیں کرنے دیں گے، ہم نہیں چاہیں گے کہ ہمارے پیسے کسی پاکستانی بہو پر خرچ ہوں، ہم پاکستان سے تعلق نہیں رکھنا چاہتے اور جو بھی پاکستان سے تعلق رکھے گا ہم بھی اس سے تعلق نہیں رکھنا چاہتے۔خیال رہے کہ 27 فروری کو پاکستان نے جوابی کارروائی کے ذریعے بھارت کو سرپرائز دیا تو اس موقع پر شعیب ملک نے ’ ہمارا پاکستان زندہ باد‘ کا ٹویٹ کیا تھا۔