اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، دفتر خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پاکستان سوئیڈن میں قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کے ایک اور اسلامو فوبک فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ مذہبی منافرت پر مبنی اور اشتعال انگیز کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ بین الاقوامی قانون واضح طور پر ریاستوں کو مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد کو جان بوجھ کر اکسانے کی روک تھام اور ممنوع قرار دیتا ہے۔ اس طرح کے اسلامو فوبک واقعات کا پریشان کن اعادہ، جس نے دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، قانونی اور اخلاقی طور پر قابل مذمت ہے۔ پاکستان عالمی برادری سے ان اسلامو فوبک کارروائیوں کی مذمت کرنے، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو الگ تھلگ کرنے، مذاہب، عقائد اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔ دفترخارجہ کے بیان میں مزید کہنا ہے کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ سویڈش حکام نفرت اور اشتعال انگیزی کی ایسی کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ تازہ ترین واقعے پر پاکستان کے تحفظات سے سویڈش حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔