اسلام آباد (سچ نیوز )پاکستان اس وقت سنگین مالی مسائل سے دو چار ہے ،غیر ملکی قرضے 27ہزار ار ب روپے کی سطح پر پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی نے بھی پاکستانی عوام کی ناک میں دم کر رکھا ہے ،ایسی صورتحال میں پاکستان کے دوست ملک سعودی عرب نے ایک بار پھر انتہائی قابل تحسین فیصلہ کرلیا ہے ۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سینئر صحافی حامد میر نے بتا یا کہ وزیراعظم عمران خان کچھ دنوں بعد آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس کے بعد سعودی عرب پاکستان کے اکاونٹ میں بڑی رقم جمع کرائے گا جو کہ پاکستان استعمال نہیں کر سکتا لیکن یہ بڑی رقم فارن کرنسی ریزرو میں اضافہ کرے گی جس کی وجہ سے ڈالر کا ریٹ کم ہو جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق آج کی تاریخ تک پاکستانی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ کسی ڈیل کو تیار نہیں ہے ۔سعودی عرب نے پاکستان کے اکاﺅنٹ میں آٹھ سے دس بلین ڈالر (تقریباً 12سو ارب روپے)رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سینئر صحافی نے مزید بتا یا کہ اس کے بعد وزیراعظم عمران خان چین کا دورہ کریں گے اور سی پیک کے حوالے سے منصوبوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا ۔اس سلسلے میں فنانشل ٹائمز اور نیو یارک ٹائمز نے جو غلط فہمیاں پھیلائی ہیں ،یہ سب افواہیں دم توڑ گئی ہیں ۔