اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے سعودی حکومت سے عمر رسیدہ پاکستانی عازمین حج و عمرہ کو لازمی قرار دی گئی ’بائیو میٹرک ویریفکیشن‘ سے استثنیٰ دینے کی درخواست کر دی۔ نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر حج توفیق بن فوزان الربیعہ کے ساتھ ملاقات میں پاکستانی عازمین کو سہولیات دینے کے حوالے سے کئی گزارشات کیں، جن پر مبنی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
انیق احمد کی طرف سے سعودی وزیر سے درخواست کی گئی کہ 65سال اور اس سے زائد عمر کے پاکستانی عازمین کو بائیومیٹرک ویریفکیشن سے استثنیٰ دیا جائے، جو فنگرپرنٹس کے ذریعے کی جاتی ہے اور حج و عمرہ ویزوں کے پراسیس کا لازمی حصہ ہے۔
مزید براں ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے پاکستان کے نگران وزیر مذہبی امور کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانیوں کو یہ خوشخبری بھی سنائی ہے کہ پاکستانی عمرہ عازمین کے لیے نہ صرف عمرہ ویزے کی مدت بڑھا کر 90دن کر دی ہے بلکہ عمرہ ویزے پر جانے والے پاکستانی سعودی عرب میں کہیں بھی سفر کر سکیں گے۔