پاکستان نے آئی ایم ایف کا رواں مالی سال کیلئے مقررہ زرمبادلہ ہدف حاصل کر لیا

کراچی: (سچ نیوز) پاکستان نے آئی ایم ایف کا رواں مالی سال کے لئے رکھا گیا زرمبادلہ کا ہدف حاصل کر لیا، زرمبادلہ ذخائر تین ماہ کی درآمدات کے لئے کافی ہیں۔ کریڈٹ سوئس کے مطابق تجارتی خسارے میں کمی سے جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہوا۔

کریڈٹ سوئس کی جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت زرمبادلہ کے ذخائر کا ہدف پورا کر لیا ہے، رواں مالی سال زرمبادلہ ذخائر کا ہدف 11 ارب 20 کروڑ ڈالر تھا جبکہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 12 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جو 3 ماہ کی درآمدات کے لئے کافی ہیں جبکہ مالی سال 2021 میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 14 ارب 90 کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارے میں کمی سے جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہوا جس کی بڑی وجہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے مشینوں کی درآمدات کا کم ہونا ہے۔

مالی سال 2018 میں جاری کھاتوں کا خسارہ جی ڈی پی کا 6 اعشاریہ 3 فیصد تھا جو کہ مال سال 2022 میں جی ڈی پی کے 1 اعشاریہ 8 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

Exit mobile version