بنگلورو ( سچ نیوز ) بھارت میں شہریت کے متنازعہ قانون کے خلاف ہونے والے ایک جلسے میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانے والی لڑکی کے سر پر 10 لاکھ روپے کا انعام رکھ دیا گیا ہے۔19 سالہ امولیا لیونا نے بنگلورو کے فریڈم پارک میں جمعرات کو ہونے والے جلسے میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے تھے، پاکستان کے حق میں نعرے لگانے والی امولیا کو گرفتار کرکے ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جاچکا ہے جبکہ عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
امولیا لیونا کے پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہندو انتہا پسند تنظیم سری رام سینا کے ایک کارکن سنجیو ماردی نے ان کے سر پر 10 لاکھ روپے کا انعام رکھا ہے۔ اس نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ حکومت امولیا کو کسی صورت بھی رہا نہ کرے ، اگر اسے رہا کیا گیا تو ہم اسے مار دیں گے اور جو بھی ایسا کرے گا اسے 10 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔