پاکستانی گلوکارہ زوئی ویکاجی ازدواجی بندھن میں بندھ گئیں

پاکستانی گلوکارہ زوئی ویکاجی ازدواجی بندھن میں بندھ گئیں

کراچی(سچ نیوز) پاکستانی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ زوئی ویکاجی ازدواجی بندھن میں بندھ گئیں۔تفصیلات کے مطابق زوئی ویکاجی 23 دسمبر کو کراچی میں کمال خان کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں، تقریب میں دونوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔گلوکارہ کی قریبی دوست اور نامور پاکستانی اداکارہ صنم سعید بھی تقریب میں شریک تھیں۔ ویکاجی کی شادی مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوئیں۔گلوکارہ نے اپنی شادی کو خفیہ رکھنے کے لیے پہلے سے کوئی اعلان نہیں کیا تھا البتہ قریبی لوگ ان کی شادی کے حوالے سے باخبر تھے۔یاد رہے کہ گلوکارہ زوئی ویکاجی نے کئی پاکستانی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور پاپ میوزک متعارف کرنے والی نازیہ حسن کے گیت گا کر انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی۔ویکاجی نے مشرقی اور مغربی میوزک کو یکجا کر کے ایک نئے اور منفرد انداز سے گائیگی کی۔ انہوں نے پاپ، جاز اور کلاسیکل موسیقی کو ایک ساتھ شامل کر کے گانے گائے جنہیں شائقین میوزک نے بہت پسند کیا۔

Exit mobile version