ٹوکیو: (ویب ڈیسک) اولمپکس ٹارچ ریلی میں کورونا وائرس کا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ منتظمین کے مطابق متاثرہ شخص کی عمر لگ بھگ 30 سال ہے جسے تمام حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق ٹوکیو اولمپکس ایونٹ پر ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے خطرات منڈلانے لگے ہیں۔ کھیلوں کے منتظمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شخص ٹارچ ریلی میں شریک تھا۔ کورونا کا کیس نکلنے کا یہ کیس جاپان کے جنوبی جزیرے شی کوکو میں سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ جاپانی حکومت اعلان کر چکی ہے کہ اگر عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آئی تو فوری طور پر اولمپکس گیمز ملتوی کر دی جائیں گی۔
یہ اعلان حکومتی نمائندہ توشی ہیرو نکئی نے ایک ٹیلی وژن کو انٹرویو کے دوران کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس عالمی وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔
تاہم توشی ہیرو نکئی نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور اس کے خطرناک وار کا سلسلہ جاری رہا تو بغیر کچھ سوچے ہم پہلے سے التوا کا شکار اولمپکس گیمز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوں اوکمپکس کا انعقاد ٹوکیو میں ہونا ہے۔ تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خطرات کے پیش نظر اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
جاپانی وزارت کھیل کا پلان ہے کہ اسے رواں سال منعقد کروایا جائے لیکن اسے کورونا وائرس کی صورتحال سے مشروط کر دیا گیا ہے کیونکہ عالمی وبا کی تیسری لہر کی وجہ سے دنیا بھر میں اس کے پھیلنے کے خطرات جنم لے چکے ہیں۔