وہ مقدمات جن سے نمٹنے کے لیے لاہور پولیس نے الگ ونگ بنانے کا فیصلہ کرلیا

وہ مقدمات جن سے نمٹنے کے لیے لاہور پولیس نے الگ ونگ بنانے کا فیصلہ کرلیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور پولیس نے وائٹ کالر اور مالی جرائم سے نمٹنے کے لیے ایک الگ وِنگ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق لاہور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او)ڈی آئی جی بلال صدیق کامیانہ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہماری اصل جاب سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو پکڑنا ہے، مثال کے طور پر ڈاکو اور قاتل وغیرہ۔چنانچہ ہم مالی تنازعات کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک خصوصی وِنگ بنا رہے ہیں تاکہ پولیس پر بوجھ کم کیا جا سکے اور وہ اپنی حقیقی جاب بہتر طریقے سے انجام دے سکے۔“رپورٹ کے مطابق اس موقع پر بلال صدیق کامیانہ نے چیک باﺅنس ہونے، فراڈ اور بے ایمانی وغیرہ جیسے جرائم کی ایف آئی آر کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو بھی آسان بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ”ہمیں ایک آگہی مہم چلانی چاہیے کہ اگر ایف آئی آر میں نامزد ملزم بے گناہ ہو گا اور بغیر عبوری ضمانت کے پولیس کے سامنے پیش ہو گا تو اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ ہمیں لوگوں کو یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ کسی بھی شہری کو اس کے خلاف درج کرائے گئے جھوٹے مقدمے میں حراست میں نہیں لیا جائے گا۔ “

Exit mobile version