نیویارک( سچ نیوز ) امریکی شہریت کے لیے لوگ نجانے کیا کچھ جتن کرتے ہیں مگر شہریت پھربھی نہیں ملتی لیکن نائیجیریا کے ایک ہیکر نے ایسا کام دکھایا کہ بیٹھے بٹھائے خود کو، اپنے خاندان کے لوگوں اور دوستوں کو امریکہ کی مستقل شہریت دلوا دی۔ ویب سائٹ talkofnaija.com کے مطابق اس ہیکر کا نام ابائزے اتوشے ہے جس نے امریکی حکومت کے کمپیوٹرز ہیک کیے اور ان میں گھس کر اپنے خاندان کے تمام افراد اور 15دوستوں کو امریکہ کی مستقل شہریت دلوا دی۔امریکی حکام کے مطابق گزشتہ دنوں ہیکرز کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا گیا جس میں نائیجیریا کے 80ہیکرز گرفتار ہوئے۔ جب ان سے تفتیش کی گئی تو ابائزے نے دوران تفتیش اس واردات کا بھی اعتراف کر لیا۔ اس سے قبل امریکی حکام اس کی اس واردات سے قطعی لاعلم تھے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ”اس ہیکر نے جو کیا، اس سے قبل شاید ہی کسی ہیکر نے ایسی حرکت کی ہو۔ اس نے کل 33افراد کو مستقل امریکی شہریت دلوائی۔ اب ان تمام 33افراد کو ملک بدر کرکے واپس نائیجیریا بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق ابائزے کی عمر اس وقت 29سال ہے۔ اس نے 5سال قبل ہیکنگ شروع کی۔ وہ 2013ءمیں جعلی امریکی پاسپورٹ پر امریکہ آیا اور پھر کبھی واپس نہیں گیا۔ ہیکنگ شروع کرنے کے کچھ عرصے بعد اس نے امریکی حکومت کے کمپیوٹرز میں گھس کر اپنے لوگوں کو امریکی شہریت دلوانی شروع کر دی تھی اور 2016ءتک اس نے اپنے پورے خاندان اور 15دوستوں کو امریکی شہری بنا چکا تھا۔