لاہور (سچ نیوز)تجزیہ کار سلمان غنی نے کہاہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی مظالم کے تمام شواہد لیکر جائیں اور بھارت کااصل چہرہ ساری دنیا کو دکھائیں، صلح کی بات وہ کرتاہے جو ایشوز پر کلیئر ہو ، وزیر اعظم عمران خان کا اس حوالے سے نقطہ نظر بالکل درست ہے کہ ہمارے ایشوزواضح ہیں۔دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک “ میں گفتگوکرتے ہوئے سلمان غنی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کوئی عام ملک نہیں ہیں بلکہ ایٹمی طاقت ہیں،امریکہ یہ چاہتاہے کہ خطے میں بھارت کی چودھراہٹ قائم ہو۔اس لئے مذاکرات سے بھارت کے انکار پر امریکہ خوش ہے ۔انہوں نے کہاکہ صلح کی بات وہ کرتاہے جو ایشوز پر کلیئر ہو ۔ عمران خان کا اس حوالے سے نقطہ نظر بالکل درست ہے کہ ہمارے ایشوزواضح ہیں ۔ ہم بات کرنا چاہتے ہیں اور بھارت بات کرنا نہیں چاہتا ۔ ان کاکہنا تھا کہ دنیا میں کشمیر سے بڑھ کر دہشت گردی کے واقعات کہیں نہیں ہورہے ،اس لئے پاکستان کو جنرل اسمبلی میں بھارتی مظالم کے شواہد دنیا کودکھانے چاہئے ۔ پاکستان کی حکومت نے اچھا اقدام کیاہے۔ سلمان غنی نے کہا کہ ہمیں بھارت کا مسئلہ سمجھنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ان کامسئلہ سی پیک ہے جس کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ جب یہ منصوبہ مکمل ہوگیاتو پاکستان کی اہمیت بڑھ جائےگی ۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی میں بھارتی مظالم کے تمام شواہد لیکر جائیں اور بھارت کااصل چہرہ ساری دنیا کو دکھائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہندو قیادت انتہا پسند ہے ۔ پاکستان میں دہشت گردی میں ہندو قیادت ملوث ہے اور افغانستان کا مسئلہ بھی ہندوستان ہی حل نہیں ہونے دیتا ۔