*وفاق نے اجازت دی تو پنجاب کے 7 شہروں میں لاک ڈاؤن کی نرمی نہیں کریں گے، چوہان*
وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے اجازت دی تو سات بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہیں ہو گی، پنجاب کے بڑے شہروں میں کورونا کیسز بڑھنے پر صوبائی حکومت نے وفاق سے رجوع کرلیا۔
فیاض الحسن چوہان نے الحمراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے لاک ڈاؤن سے متعلق جو پالیسی دی اس پر عمل کرینگے، صرف ایک نکتہ پر وفاق سے رہنمائی مانگی ہے، بڑے شہروں میں کورونا زیادہ ہے، تجویز بھجوائی ہے کہ وہاں نرمی نہ کی جائے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نیب حکومت کے ماتحت نہیں، اتحادیوں کی جانب سے جو تحفظات سامنے آئے ہیں، انہیں عدالت دیکھ لے گی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے جہاں سندھ میں حکومت کا کچا چٹھا کھول دیا ہے، وہیں 18ویں ترمیم کے نتائج بھی سامنے آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اور آرمی ایکٹ کی طرح اٹھارویں ترمیم کے معاملے میں بھی سرخرو ہوں گے۔