لاہور،کوئٹہ(سچ نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اوروزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وزیرستان میں شہیدہونیوالے فوجی افسراورجوانوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع کیلیے جانیں قربان کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔نجی ٹی وی چینل” جیونیوز“ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے اپنے خون سے پاکستان میں امن کی تاریخ رقم کی ہے، پاک فوج کے بہادرافسر،جوانوں نے جانوں کانذرانہ دیکر دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے،قوم کو شہدا کی عظیم قربانی پر فخر ہے،وطن میں قیام امن کی خاطرشہیدہونیوالے بہادرسپوت پاک دھرتی کی شان ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر فورسزنے ہمیشہ دہشت گردی کا ڈٹ کرمقابلہ کرکے قوم کاسرفخرسے بلندکیا،قوم ہرقسم کی دہشتگردی اورجارحیت کیخلاف پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔