اسلام آباد (سچ نیوز) حکومت نے وزیراعظم ہاﺅس میں کھڑی گاڑیوں میں سے کچھ کو نیلامی کیلئے پیش کر دیا ہے اور دلچسپی رکھنے والے افراد گاڑیاں دیکھنے میں مصروف ہیں تاہم کچھ لوگوں نے شکوہ کیا ہے کہ ان گاڑیوں کی قیمت مارکیٹ میں موجود قیمتوں سے کہیں زیادہ ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں وزیراعظم ہاﺅس میں کھڑے ایک شہری نے اپنے قریب موجود گاڑی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس گاڑی پر 39 لاکھ روپے تو صرف ڈیوٹی ہی دینا ہو گی جبکہ مارکیٹ میں اس گاڑی کی قیمت 20 سے 25 لاکھ روپے میں ملتی ہے اور رجسٹرڈ بھی ہوتی ہے۔ یہاں لکھا ہے کہ 39 لاکھ روپے صرف ڈیوٹی دینی ہے اور پھر 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس بھی ادا کرنا ہے جبکہ گاڑی کی رجسٹریشن پر بھی اخراجات آئیں گے اور گاڑی کی مرمت پر بھی رقم خرچ کرنا پڑے گی۔
ابھی ایک صاحب یہاں کھڑے کہہ رہے تھے کہ 1 لاکھ روپے سے نیلامی شروع ہوتی ہے، فرض کیا کہ اس گاڑی کی بولی 10 لاکھ روپے پر ختم ہو تو اس کا مطلب ہے کہ یہ گاڑی 50 سے 55 لاکھ روپے میں پڑے گی تو میں پھر اس سے کہیں بہتر اور جدید 2006 یا 2007ءمیں متعارف کرائی جانے والی گاڑی ایس کلاس نہ خرید لوں؟
مذکورہ شخص کا کہنا ہے کہ اس کی تو مارکیٹ پرائس ہی اتنی نہیں ہے اور میرے خیال سے انہوں نے صرف لوگوں کی خوشی کی خاطر یہاں کھڑی کر دی ہیں کہ لوگ آئیں گے اور چلے جائیں گے کیونکہ کوئی بھی شخص اس طرح کی کار کیلئے 50 لاکھ روپے خرچ نہیں کرے گا۔
۔۔۔ ویڈیو دیکھیں۔۔۔