اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان کی 22 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوگی۔ دیگر امریکی عہدیداروں سے ملاقاتوں اور مصروفیت سے متعلق شیڈول طے کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا شیڈول طے پا گیا ہے، ان کا یہ دورہ تین روزہ ہوگا۔ وزیراعظم اکیس جولائی کو امریکا پہنچیں گے جبکہ بائیس جولائی کو ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات پینتالیس منٹ کی ہوگی۔ عمران خان اور صدر ٹرمپ کی ملاقات ون آن ون اور وفود کی سطح پر بھی ہوگی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سہیل محمود اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو وفود کی سطح کی ملاقات کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی دیگر امریکی عہدیداروں سے ملاقاتوں اور مصروفیت سے متعلق شیڈول طے کیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور افغان امن عمل پر بات ہوگی جبکہ طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کا تعاون اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ وزیراعظم عمران خان سے افغان طالبان کو حتمی مذاکرات کے لئے رضامند کرنے کی درخواست کریں گے