اسلام آباد (سچ نیوز )وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست اور ابراج گروپ کے مالک عارف نقوی کی برطانیہ کی عدالت نے 15 ملین پاﺅنڈ کے عوض ضمانت منظور کر لی ہے ، یہ برطانیہ کی عدالتی تاریخ کی سب سے بڑی سیکیورٹی ہے جس کا حکم دیا گیا ۔
دی نیوز انٹر نیشنل کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ 15 ملین پاﺅنڈ کی سیکیورٹی کا انتظام اور عدالت میں جمع کروانے کے بعد عارف نقوی کو رہا کر دیا گیا ہے ، عارف نقوی کو اتنی بڑی رقم کا انتظام کرنے میں فیصلہ آنے کے بعد تین ہفتے لگے ۔عدالتی ذرائع نے بتایا کہ عارف نقوی اب آزاد ہیں ، عدالت کی جانب سے حکمنامے میں لگائی گئی تمام شرائط کو پوراکرنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔اس کے علاوہ عارف نقوی کی ضمانت میں 6 لاکھ پچاس ہزار کی تین یقین دہانیاں بھی شامل ہیں ۔
یاد رہے کہ برطانیہ کی پولیس نے ابراج گروپ کے مالک عارف نقوی کو سرمایہ کاروں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں ہیتھرو کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا تھا ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عارف نقوی پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ’کے الیکٹرک‘ کے سب سے بڑے شراکت دار ہیں۔