اسلام آباد: (سچ نیوز) ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان اور وزیراعظم عمران خان کے مابین ملاقات وزیراعظم ہاوس میں ہوئی. اس سے پہلے معزز مہمان پاکستان پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کو ایئر پورٹ پر خود رسیو کیا اس دوران انھیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی. بعد ازاں وزیراعظم ہاوس آمد پر ابوظہبی کے ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا. پاکستان کے دوست ملک کی جانب سے آج بڑی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے.
وزیراعظم عمران کی دعوت پر ابوظہبی کے ولی عہد آج پاکستان پہنچ گئے ہیں، ائیرپورٹ پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔وزیراعظم نے معزز مہمان کی گاڑی خود ڈرائیو کی اور انھیں وزیراعظم ہاوس لے جایا گیا جہاں شیخ محمد بن زیدالنہیان کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ بعد ازاں معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے سلامی پیش کی۔
ابوظہبی کے ولی عہد اور وزیراعظم پاکستان کے مابین ون آن ون ملاقات جاری ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر گفتگو ہوگی۔ معزز مہمان ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہیں جس کے دوران ان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات بھی طے ہیں۔ دورے کے دوران وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔
محمد بن زید النیہان اس سے پہلے 2007 میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جبکہ وہاں مقیم 16 لاکھ پاکستانی سالانہ ساڑھے چار ارب ڈالر زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں۔
ابوظہبی کے ولی عہد کے دورے کے موقع پر 12 ارب ڈالر امداد کا اعلان بھی متوقع ہے. جو 3 ارب ڈالر کے آسان شرائط پر قرض، 3 سال میں 9 ارب ڈالر کے ادھار تیل پر مشتمل ہو گا۔
شیخ محمد بن زیدالنہیان کی پاکستان آمد کے موقع پر وفافی دارالحکومت کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور معروف شاہراہوں پر دونوں ملکوں کے پرچم آویزاں کئے گئے ہیں۔