مدینہ منورہ (سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچنے کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے پہنچے اور نوافل بھی ادا کئے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی کے مطابق وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے کیلئے پہنچے تو ان کیلئے خصوصی طور پر دروازے کھول دئیے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ریاض الجنہ میں نماز مغرب ادا کی اور نوافل بھی ادا کئے جس کے بعد وہ جدہ روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے 2 روزہ دورے پر آج مدینہ منورہ پہنچے جہاں گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان ،پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق ،قونصلیٹ حکام اور دیگر سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،وزیر اطلاعات فواد چوہدری ،مشیر تجارت عبد الرزاق داﺅد اور خاتون اول بشریٰ بی بی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔