ولنگٹن(سچ نیوز)نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ کرکے 51مسلمان نمازیوں کو قتل کرنے کے ملزم نے جمعرات کو اپنا مقدمہ اس شہر سے باہر منتقل کرنے کی کوشش ترک کر دی جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کرائسٹ چرچ میں مقدمے سے قبل سماعت کی تاکہ مبینہ بندوق بردار کے مقدمے کی سماعت ساؤتھ آئی لینڈ کے شہر سے منتقل کرنے کی مقدمہ کی درخواست پر غور کیا جائے۔ لیکن جج کیمرون مینڈر نے کارروائی کے آغاز میں اعلان کیا کہ ملزم نے درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔28سالہ آسٹریلوی شخص نے قتل کے 51، اقدام قتل کے 40اور دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہونے کے الزامات قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ اس کا مقدمہ اگلے برس دو جون کو کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔