ممبئی(سچ نیوز) کپل شرما کو سدھو کی حمایت مہنگی پڑگئی ہے اور اب انہیں بھی ملک کا غدار قرار دیا جارہا ہے۔سابق بھارتی کرکٹر اورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو پلوامہ حملے کے بعد پاکستان مخالف بیان نہ دینے پر تو بھارتی ہندوانتہا پسندوں کے نشانے پر ہیں ہی، اب کپل کو بھی سدھو کی حمایت کرنامہنگا پڑگیا۔کپل نے گزشتہ روز نوجوت سنگھ سدھو کو ”کپل شرماشو“ سے نکالنے پر کہا تھا سدھو پاجی کے ساتھ جو ہوا وہ ٹھیک نہیں ہے، سدھو دہشتگردی کے خلاف حکومتی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں لہٰذا انہیں شو سے نکالنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔انتہا پسند بھارتیوں کو کپل کا سدھو کی حمایت میں دیا گیا بیان پسند نہیں آیا اور بھارتی فلم میکر اور پروڈیوسر اشوک پنڈت سمیت متعدد بھارتیوں نے ”دی کپل شرما شو“ کے شریک پروڈیوسراور بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان سے کپل کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ابھینو نامی صارف نے پاکستان کے خلاف زہر اگلتے ہوئے لکھا ”پاکستانی میڈیا نوجوت سنگھ سدھو کی جانب سے دئیے جانے والے بیان کی پزیرائی کررہا ہے، یہ مکمل طور پر وطن دشمن موضوع ہے اور کپل سدھو کی حمایت کررہے ہیں لہٰذا ہم سب کو مل کر کپل کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔“
ایک اور صارف نے لکھا سلمان خان کو دونوں وطن دشمن مسخروں کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔ایک صارف نے تو کپل اورسدھو سے نفرت کی انتہا کرتے ہوئے لکھا یہی وقت ہے ہم سب کے متحد ہونے کا، ہم لوگوں سے ان کا کاروبار چلتا ہے اگر ہم نہیں ہوں تو یہ لوگ دو دن میں ہی سڑک پر آجائیں گے۔