نئی دلی (سچ نیوز) بالی ووڈ کی بولڈ اداکارہ زرین خان نے اس وقت ایک نوجوان کی پٹائی کردی جب اس نے اداکارہ کو رش میں ہراساں کرنے کی کوشش کی۔اداکارہ زرین خان بھارتی شہر اورنگ آباد میں ایک سٹور کی لانچنگ تقریب میں شرکت کرکے واپس جارہی تھیں کہ اسی دوران انہیں مداحوں نے گھیر لیا۔ ہزاروں کی تعداد میں موجود نوجوانوں کا سنبھالنا سکیورٹی کے بس میں نہ رہا اور زرین خان کا گاڑی تک پہنچنا مشکل ہوگیا۔ نوجوانوں کے رش میں پھنسی زرین خان کو مختلف اطراف سے ہراساں کرنے کی کوششیں کی گئیں اور جب ان کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا تو انہوں نے پیچھے موجود نوجوان پر تھپڑوں کی بارش کردی۔زرین خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ اداکارہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کبھی کبھار معاملات کو اپنے ہاتھوں میں لینا ضروری ہوجاتا ہے، پھر کچھ اور سوچا نہیں جاسکتا۔’ ایک خاتون ہونے کی حیثیت سے میں نے ہمیشہ یہی سوچا ہے کہ جو بھی مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کرے گا تو میں اسے وہیں سبق سکھا دوں گی‘۔زرین خان نے کہا کہ ان کے اداکارہ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی بھی انہیں ہاتھ لگا سکتا ہے، کسی کو حق نہیں کہ وہ انہیں نامناسب انداز میں ہاتھ لگائے، ’میں ایک عورت ہوں، اور ہر عورت کو یہ حق ہے کہ وہ اپنی مرضی سے زندگی گزارے اور کام کرسکے‘۔