اسلام آباد: (سچ نیوز) نیب نے نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں کے الزام میں ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کو گرفتار کر لیا ہے۔ انھیں آج تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
سچ نیوز ذرائع کے مطابق احسن اقبال کے طبی معائنے کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔ انھیں بروز منگل مورخہ 24 دسمبر کو ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
لیگی رہنما احسن اقبال کا گرفتاری سے پہلے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ناکام حکومت پر اٹھنے والی ہر آواز خاموش کرائی جا رہی ہے، ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ نیب راولپنڈی کی جانب سے احسن اقبال کو 23 دسمبر بروز پیر کو طلبی کا سمن جاری کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز احسن اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ نیب کے بلوانے پر ضرور جائیں گے۔ سپورٹس سٹی منصوبہ میں کوئی کرپشن نہیں کی۔ میرا اس منصوبہ کے تعمیراتی کام سے کوئی تعلق نہیں، کرپشن کے بے بنیاد الزامات سے کردار کشی کی جا رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نارووال ہندوستان کا حصہ نہیں، پاکستان میں ہے۔ پشاور بی آر ٹی کے ہوتے کسی اور منصوبے کی تفتیش ایک مذاق ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نیازی کی فرمائش ہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر لیڈر اندر کریں۔
یہ بھی پڑھیں: نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیاں، نیب نے احسن اقبال کو طلب کرلیا
احسن اقبال کے بیٹے نے اپنے والد کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال کا شمار پاکستان کے ایماندار سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ ان کو حکومت پر تنقید کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
احمد اقبال کا کہنا تھا کہ میرے والد کی آواز کو دبانے کیلئے حکومت نے یہ قدم اٹھایا۔ ان پر بے بنیاد جھوٹا کرپشن کا کیس بنایا گیا۔