نئی دہلی(ویب ڈیسک ) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں مون سون بارشوں اور دریائے جمنا بپھرنے کی وجہ سے جہاں شہر میں سیلابی صورت حال ہے وہیں سیلاب متاثرین کیلئے بنایا گیا ریلیف کیمپ بھی ڈوب گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تیز بارشوں اور جمنا میں پانی بھرنے کی وجہ سے نئی دہلی کے بیشتر رہائشی علاقے، سڑکیں زیر آب آگئی ہیں، انتظامیہ کی جانب سے عارضی ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں جہاں شہریوں کو ریسکیو کرکے پناہ دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلابی صورتحال مزید خراب ہوتے ہوئے اب پرانی دہلی جمنا بازار میں قائم کیا گیا ریلیف کیمپ بھی پانی میں ڈوب گیا، یہ ریلیف کیمپ جمعرات تک بالکل خشک تھا۔ حکومت کی جانب سے 27 ہزار لوگوں کیلئے 2 ہزار سات سو ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں جہاں لوگوں کو پینے کے پانی اور کھانے کی کمی کا سامنا بھی ہے۔رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں رات گئے پھر موسلادھار بارش ہوئی ہے جس کے باعث مزید صورتحال خراب ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ سیلابی صورتحال کے باعث پینے کے پانی کے 3 پلانٹ بھی بند ہوگئے تھے جس سے شہر میں پینے کے پانی کی قلت ہوگئی تھی، تاہم دریا میں پانی کی سطح میں کمی آنے کے بعد اتور کی صبح چندروال واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو کھول دیا گیا ہے ۔ ادھر نئی دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے یقین دلایا ہے کہ سیلابی پانی کی نکاسی میں مدد کے لیے جمنا بیراج کے پانچوں دروازے کھولنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جن میں سے کچھ کیچڑ سے جمے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی او بیراج کا پہلا جام شدہ گیٹ کھول دیا گیا ہے اور جلد ہی پانچوں گیٹ کھول دیے جائیں گے۔