نئی دہلی( سچ نیوز ) بھارت میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ ہو چکا ہے اور ہندو جنونیوں نے ان کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ تعلیم سے لے کر ملازمت تک، ہر جگہ مسلمانوں پر مواقع بند ہو چکے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ایک مسلمان بھارتی نوجوان نے ویب سائٹ Redditپر پاکستان ہجرت کرنے کی خواہش پر مبنی ایسی پوسٹ کر دی کہ بھارت میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ یہ نوجوان لکھا ہے کہ ”میں مستقل طور پر پاکستان جانا چاہتا ہوں۔میں بھارتی ریاست اترپردیش میں رہتا ہوں اور یہاں پاکستانی سفارتخانہ نہیں ہے اور میں نہیں جانتا کہ مجھے پاکستان جانے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔ یہاں مسلمانوں کے لیے حالات انتہائی خراب ہیں۔ میں ان چند خوش قسمت مسلمانوں میں سے ایک ہوں جن کے پاس مناسب ڈگری ہے۔ میں اپنے دادا دادی، نانانانی، ماں باپ، تین بہنوں اور دو بھائیوں کے ہمراہ پاکستان منتقل ہونا چاہتا ہوں۔ یہاں مسلمانوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے۔ ہم دن رات ہندوتوا کے غنڈوں کے خوف میں جی رہے ہیں جو ہمارے گھروں میں گھس کر ہمیں قتل کر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ صورتحال یہ ہو چکی ہے کہ ہم خوف کے مارے اپنے نام تبدیل کرکے ہندونام رکھنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، لیکن ایسا کرنے سے ہماری شناخت ہم سے چھن جائے گی اور ایمانداری کی بات یہ ہے کہ میں کبھی بھی ہندومت قبول کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا کیونکہ ہندومت قبول کرنے کے بعد بھی ہمارا مسئلہ حل نہیں ہو گا کیونکہ یہاں ہندو بھی دوسرے ہندوﺅں سے نفرت کرتے ہیں۔“
نوجوان مزید لکھا ہے کہ ”یہاں پولیس ہماری کوئی مدد نہیں کرتی۔ پچھلی بار جب ہندوتوا کے غنڈوں نے مسلمانوں کے گھروں پر حملہ کیا اور ہم نے پولیس کو بلایا تو پولیس والوں نے الٹا ہماری آنکھوں کے سامنے ہمارے گھروں سے قیمتی اشیاءاٹھا لیںاور ہمیں ہی دھمکیاں دے کر چلی گئی۔ میرے بہن بھائیوں میں میرے سوا کسی کے پاس ڈگری نہیں ہے۔ میں تو کسی بھی ملک میں جا سکتا ہوں لیکن کوئی بھی ملک میرے ساتھ میرے خاندان والوں کو قبول نہیں کرے گا۔ ایسی صورت میں میرے خاندان کو بدستور اسی جہنم میں رہنا پڑے گا اور میں ہر وقت ان کی فکر میں رہوں گا۔ یہاں پاکستان کی تصویر کشی ایک انتہائی خطرناک ملک کے طور پر کی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ وہاں تو مسلمان بھی نہیں رہنا چاہتے۔ تاہم جب میں نے بھارتی شہریوں کی پاکستان جانے کی ویڈیوز یوٹیوب پر دیکھیں تو پاکستان کے متعلق میری سوچ تبدیل ہو گئی اور حقیقت مجھے سمجھ آ گئی۔ میں سوچتا ہوں کہ میں نے یہاں کے میڈیا پر اعتبار ہی کیوں کیا۔ ان یوٹیوب ویڈیوز میں میں نے دیکھا کہ پاکستان ایک صاف ستھرا اور پرامن ملک ہے اور پاکستانی ہر کسی کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ اب میں اپنے خاندان کے ہمراہ مستقل طور پر پاکستان جانا چاہتا ہوں۔ اس کے لیے مجھے کیا کرنا چاہیے؟ میں سمجھ سکتا ہوں کہ پاکستان میں پہلے کی طرح بھارت سے جانے والے مسلمانوں کو اب گھر نہیں دیئے جا سکتے لیکن مجھے اور میری فیملی کو محفوظ جگہ چاہیے۔ ایمانداری کی بات کروں تو میں اکثر رو دیتا ہوں۔ مجھے بھارت سے نفرت ہو گئی ہے۔ میں کسی بھی حال میں پاکستان جانا چاہتا ہوں۔ حتیٰ کہ میں پاکستان سے اپنی وفاداری ثابت کرنے کے لیے پاک فوج میں بھرتی ہونے کے لیے بھی تیار ہوں۔ میں یہ پوسٹ ’ٹور‘ (TOR)براﺅزر کے ذریعے کر رہا ہوں تاکہ ہندوتوا کے غنڈے میری لوکیشن کا پتا نہ چلا سکیں۔ برائے مہربانی میری رہنمائی کیجیے کہ میں فیملی کے ہمراہ پاکستان کیسے منتقل ہو سکتا ہوں۔“