واشنگٹن( سچ نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں شامی صدر بشار الاسد کو قتل کروانا چاہتا تھا لیکن بعد ازاں میں نے فیصلہ تبدیل کر لیا.
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ وہ 2017 میں شامی صدر بشارالاسد کو قتل کرانا چاہتے تھے اور اس کے لیے تمام تیاریاں بھی مکمل تھیں مگر اس وقت کے وزیر دفاع جیمس میٹس اس آپریشن کے مخالف تھے اور انہوں نے ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ امریکی صدر کا کہنا تھا میں شامی صدر کو اچھا شخص نہیں سمجھتا ،اس لیے مجھے بشارالاسد کو نشانہ بنانے کے فیصلے پر کوئی افسوس نہیں ۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت میں شامی کردوں نے اہم کردار ادا کیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کے مشہور صحافی باب ووڈورڈ نے 2018 میں اپنی کتاب میں انکشاف کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بشارالاسد کے قتل کا منصوبہ تیارکیا تھا تاہم اس وقت ٹرمپ نے ایسے کسی بھی منصوبے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس پر کبھی غور ہی نہیں کیاگیا لیکن اب خود ہی اعتراف کر لیا۔تجزیہ کاروں نے اس اعتراف کو الیکشن کے لیے تشہیر ی حربہ قرار دے دیا۔