لندن(ویب ڈیسک)سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل سے شادی کے بعد شہزادہ ہیری کی زندگی میں کافی ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے، جن میں سے ایک اس کا اپنے شاہی خاندان کو چھوڑ کر امریکہ منتقل ہوناتھا۔ اب شہزادہ ہیری کے ایک قریبی دوست نے اس حوالے سے چشم کشا انکشاف کیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق جیمز ہسکل سابق برطانوی رگبی سٹار ہیں اور شہزادہ ہیری کے چند انتہائی قریبی دوستوں میں سے ایک۔
جیمز ہسکل نے شہزادہ ہیری کی شادی میں بھی شرکت کی تھی۔انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ میگھن مارکل سے شادی کے بعد شہزادہ ہیری کی زندگی میں بہت تلخ اور منفی تبدیلیاں آئی ہیں اور وہ ہنسنا بھول گئے ہیں۔ جیمز ہسکل بتاتے ہیں کہ شادی سے پہلے شہزادہ ہیری دوستوں کے ساتھ مل کر خوب ہلا گلا کرتے تھے لیکن اب وہ دوستوں سے میل جول ترک کر چکے ہیں اوران کی زندگی میں سیر و تفریح اور ہنسی مزاح ختم ہو کر رہ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شہزادی ہیری کی طرف سے ’سپیئر‘ کے نام سے اپنی ایک خودنوشت تحریر کی گئی ہے، جس میں انہوں نے شاہی خاندان کے اندرونی جھگڑوں کے بارے میں کئی انکشافات کیے ہیں۔اس کتاب کی اشاعت پر شہزادہ ہیری کے کئی قریبی دوست بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے اور کہا کہ شہزادہ ہیری کو کتاب نہیں لکھنی چاہیے تھی۔تاہم جیمز ہسکل اپنے دوست کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور دوران انٹرویو کہا ہے کہ ” جب آپ کواحساس ہو کہ آپ کو آپ کے پارٹنر کو جبر کا سامنا ہے اور آپ کو دیوار کے ساتھ لگا دیا گیا ہے تو میرے خیال میں اس وقت بولنا ناگزیر ہو جاتا ہے۔“