میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35 لاشیں برآمد

میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35 لاشیں برآمد

میکسیکو سٹی(سچ نیوز) میکسیکو میں اجتماعی قبر سے 35افراد کی باقیات ملی ہیں۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی ریاست جالیسکو میں اجتماعی قبر ملی ہے جس میں سے اب تک 35افراد کی باقیات نکالی جا چکی ہیں ۔ قدرے بہتر حالت میں موجود 27لاشیں ہاتھ پاوں بندھی تھیں جن میں سے دو کی شناخت ہوگئی ہے۔اجتماعی قبر کے مقام پر تاحال کام جاری ہے اور اس دوران مزید لاشیں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اورہوسکتا ہے کہ اس علاقے میں مزید اجتماعی قبریں بھی ہوں۔ میکسیکو کی یہ ریاست جرائم کا گڑھ ہے جہاں منشیات فروش گروہ اور گینگ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملنے والی باقیات کا فرانزک لیب سے ٹیسٹ کیا جائے گا تاکہ شناخت، قتل کا وقت اور واردات قتل کا اندازہ لگایا جا سکے۔

تحقیقاتی ٹیم اس علاقے میں مزید کچھ اور دن رکے گی اور اجتماعی قبر کی تلاش کا کام جاری رہے گا۔واضح رہے کہ میکسیکو میں 2006کے آخر میں فوج کی جانب سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران 40ہزار افراد لاپتہ ہوئے اور تب سے اب تک مختلف جھڑپوں اور واقعات میں ڈھائی لاکھ افراد مارے جاچکے ہیں.

Exit mobile version