نئی دہلی(سچ نیوز )بھوٹان میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
بھارتی فوج کا چیتا ہیلی کاپٹر ریاست اروناچل سے بھوٹان جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کا لیفٹیننٹ کرنل بھی شامل ہے جب کہ ہلاک ہونے والے دوسرے پائلٹ کا تعلق بھوٹان کی فوج سے تھا جو بھارتی فوج کے ساتھ ٹریننگ پر مامور تھا۔دو روزقبل بھی بھارتی فضائیہ کا مگ 21 جنگی طیارہ ریاست مدھیہ پردیش میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔واضح رہے کہ رواں سال فروری میں پاک فضائیہ نے بھارتی مگ 21مار گرا یا تھا جبکہ اسی دن بھارتی فو ج کے اپنے ہی دفاعی سسٹم نے بوکھلاہٹ کے عالم میں ایک بھارتی ہیلی کاپٹر مار گرا یا تھا ۔ایک دوسری رپورٹ کے مطابق 2014 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے مجموعی طور پر 26 جنگی طیارے، 6 ہلی کاپٹرز، 9 تربیتی طیارے اور 3 سامان بردار طیارے تباہ ہوئے جبکہ ان حادثات میں 46 افراد بھی ہلاک ہوئے۔