لاہور (سچ نیوز) گھر پر سانپ، اژدھے اور مگر مچھ رکھنے کے الزام میں گلوکارہ رابی پیرزادہ پر جیل کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔ وائلڈ لائف حکام نے گلوکارہ کے خلاف کارروائی کی تو انہوں نے شیر کے ساتھ تصاویر بنوا کر جاری کی ہیں اور وائلڈ لائف حکام کو مودی کے یار قرار دیا ہے۔گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف منگل کے روز مقامی عدالت میں محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت سرکاری ادارے کی جانب سے گلوکارہ کے خلاف چالان پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں اعتراف کیا ہے کہ ان کے پاس گزشتہ 5 سال سے سانپ اور مگر مچھ ہیں۔ جنگلی حیات کے قوانین کے تحت کوئی بھی شخص گھر میں سانپ، اژدھے اور مگر مچھ نہیں رکھ سکتا، گلوکارہ نے گھر پر یہ جانور رکھ کر قانون کی خلاف ورزی کی ہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی جانب سے پیش کیے جانے والے چالان کے بعد عدالت نے گلوکارہ رابی پیرزادہ کو سمن جاری کرتے ہوئے انہیں 27 ستمبر کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔ عدالت کی جانب سے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کو گلوکارہ کے گھر کی تلاشی لینے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ اگر رابی پیرزادہ کے خلاف جرم ثابت ہوگیا تو انہیں جرمانے اور قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
دوسری جانب گلوکارہ رابی پیرزادہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 5 برس سے سانپوں ، اژدھوں اور مگر مچھوں کے ساتھ ویڈیوز بناتی رہیں لیکن جیسے ہی انہوں نے مودی کے خلاف بات کی تو ان کے خلاف محکمہ جنگلی حیات حرکت میں آگیا۔ واضح رہے کہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اژدھوں کے ساتھ ایک ویڈیو بنائی تھی جس میں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دھمکیاں دی تھیں۔
وائلڈ لائف حکام کی جانب سے کارروائی کے بعد گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی نئی تصاویر جاری کی ہیں جن میں وہ شیر کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے وائلڈ لائف لاہور کے حکام کو مودی کا یار قرار دیتے ہوئے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ کشمیر کیلئے ان کے جذبے کو کسی صورت بھی کم نہیں کیا جاسکتا ۔