کراچی: (سچ نیوز) مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے سابق صدر آصف علی زرداری کو فوری طور پر علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
مولا بخش چانڈیو کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری شدید علیل ہیں، جنہیں بغیر کسی سزا اور مقدمے میں قید کیا گیا ہے، انھیں علاج کی سہولت سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں اور کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں ہے، وہ جمہوریت نہیں ملوکیت مسلط کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو پارلمنٹ کو بالادست بنانے کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے آئین اور حقیقی جمہوریت بحال کی، وہ محسن جمہوریت ہیں۔ ووٹ کے ذریعے تیسری حکومت کو اقتدار کی منتقلی آصف زرداری کا ہی کارنامہ ہے۔ آمروں کے پیروکار اور بونے سیاستدان قید میں رکھ کر آصف علی زرداری کا قد چھوٹا نہیں کر سکتے۔