نئی دلی ( سچ نیوز ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سکیورٹی کرنے والے سپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) کیلئے بجٹ 2020 میں 592.5 کروڑ بھارتی روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے جو روزانہ کی اوسط کے اعتبار سے ایک کروڑ 62 لاکھ روپے بنتا ہے، یہ بجٹ گزشتہ سال سے 10 فیصد زیادہ ہے حالانکہ گزشتہ برس وزیر اعظم مودی سمیت سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کو ایس پی جی سکیورٹی فراہم کرتا تھا۔لوک سبھا میں جمع کرائے گئے اپنے تحریری جواب میں بھارت کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ اس وقت بھارت میں وزیر اعظم نریندرمودی وہ واحد شخصیت ہیں جنہیں ایس پی جی سکیورٹی فراہم کرتا ہے۔ بھارت کے مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں ایس پی جی میں شامل 3 ہزار کمانڈوز کیلئے 592 کروڑ 55 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا۔
گزشتہ برس ایس پی جی کے قانون میں ترمیم کی گئی تھی جس کے بعد سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی سے ایس پی جی پروٹیکشن کا درجہ واپس لے لیا گیا تھا۔ گزشتہ مالی سال 2019-20 کے دوران 4 وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کیلئے 540 کروڑ 16 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا ، یعنی ایک وی آئی پی کی سکیورٹی پر 135 کروڑ کا خرچہ ہورہا تھا لیکن رواں مالی سال کے دوران 592 کروڑ 55 لاکھ روپے صرف ایک وی آئی پی کی سکیورٹی کی مد میں خرچ کیے جارہے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ایس پی جی سکیورٹی کا قانون پاس کیا گیا تھا جس کے تحت وزیر اعظم اور گاندھی فیملی کو ایس پی جی پروٹیکشن مہیا کی جانی تھی، 1989 میں حکومت تبدیل ہوئی تو گاندھی فیملی سے یہ درجہ واپس لے لیا گیا جس کے بعد 1991 میں راجیو گاندھی کو قتل کردیا گیا۔
1991 میں دوبارہ کانگریس کی حکومت آئی تو سونیا گاندھی اور ان کے بچوں راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کو دوبارہ ایس پی جی پروٹیکشن فراہم کردی گئی جو گزشتہ برس نومبر میں مودی حکومت نے ختم کردی۔ گاندھی خاندان سے ایس پی جی پروٹیکشن واپس لینے کے بعد ان کی زندگیوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے تشویش میں ایک بار پھر سے اضافہ ہوگیا ہے۔