ممبئی( سچ نیوز )فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون کے خلاف دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں ،بھارتی سرکار نے فرانس کے صدر کی حمایت کا اعلان کیا ہے تاہم ہندوستان میں ہی مسلمانوں نے مودی سرکار کی حمایت کے باوجود فرانسیسی صدر کے ساتھ نفرت کا ایسا اظہار کیا ہے کہ دنیا بھر میں امت مسلمہ کے دل جیت لینے کے ساتھ بھارتی سرکار کو بھی واضح پیغام دے دیا ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تین روز قبل مودی سرکار نے فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون کی باضابطہ حمایت کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ہندوستان میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مشتعل ہوئے ہیں ،دنیا بھر کی طرح ہندوستان میں بھی گستاخانہ خاکوں اور فرانس کے صدر کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ممبئی میں بسنے والے مسلمانوں نے فرانسیسی صدر کے ساتھ نفرت کا ایسا اظہار کیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی دوڑیں لگ گئیں ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ممبئی کی مشہور شاہراہ اور مصروف ترین سڑک پر مسلمان نوجوانوں نےگذشتہ شب فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون کی سینکڑوں تصاویر چسپاں کر دیں جس سے ہزاروں گاڑیاں گذرتی رہیں جبکہ مسلمان ممبئی کی اس سڑک پر بڑی تعداد میں جمع ہو کر احتجاج بھی کرتے رہے ۔نماز جمعہ کے بعد ممبئی پولیس اور انتظامیہ نے سڑک پر چسپاں تصاویر کو ہٹا دیا تاہم کسی کے خلاف بھی مقدمہ درج نہیں کیا ۔