مودی سرکار نے نوجوت سنگھ سدھو کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے

مودی سرکار نے نوجوت سنگھ سدھو کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے

نئی دہلی(سچ نیوز )ہندوستان کی مودی سرکار نےمعروف بھارتی سیاست دان اورسابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپور راہداری کی  افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان  جانے کی مشروط اجازت دے دی ہے،نوجوت سنگھ سدھو کو تین بار بھارتی وزارت خارجہ کو خط لکھنے کے بعد اجازت دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے سینئر لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کو کو کرتارپور صاحب کوریڈور کی افتتاحی تقریب میں شامل ہونے کے لئے مودی حکومت نے مشروط اجازت دے دی ہے اور اب سابق وزیر نوجوت سنگھ سدھو 9 نومبر کو کرتارپور صاحب کی افتتاحی تقریب میں شامل ہونے کے لئے پاکستان جا سکیں گے۔نوجوت سنگھ سدھو  بھارت سے تقریب میں بھارت سے شامل ہونے والے اُس پہلے وفد میں شامل ہوں گے جس میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور  بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ  سمیت دیگر شریک ہوں گے ، تقریب میں بالی ووڈ اداکار سنی دیول بھی بھارتی وفد کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نےبریفنگ کے دوران صحافیوں کی جانب سےسدھو کو  پاکستان جانے کی سیاسی منظوری دیئے جانے سےمتعلق سوالات پرمبہم جواب دیتے ہوئے  کہاتھا کہ نوجوت سنگھ سدھو کیا کرنا چاہتے ہیں، یہ ان پر منحصر ہے،کرتارپور کوریڈور کا موضوع بہت بڑا ہے ، اس لئے ہم افراد کے مسئلوں پر توجہ مرکوز نہیں کرسکتے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی دفترخارجہ کو لکھےگئے تیسرے خط میں کہاتھا کہ بھارتی حکومت نےابھی تک کرتارپورجانے کی اجازت نہیں دی،بھارتی حکومت کو اعتراض ہے تو بتا دے کہ پاکستان جانے کی اجازت ہے یا نہیں؟یاددہانی کے باوجود واضح نہیں کیا جا رہا،بھارتی حکومت روکنا چاہتی ہے تو صاف صاف بتا دے،تاخیری حربوں سے دورے کی منصوبہ بندی میں مشکل ہو رہی ہے،حکومت کم از کم میری درخواست کا جواب تو دے ، بھارتی حکومت سے اگر اجازت نہ ملی تو قانون پسند شہری کی طرح پابندی کروں گا اور دیگر یاتریوں کی طرح پاکستان جاؤں گا۔

یہ بھی یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے، جس پر نوجوت سنگھ سدھو نے خوشی کا اظہار اور پاکستان آنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ 9 نومبرکی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا، حلف برداری پر محبت اور مہمان نوازی کا لطف کبھی بھلا نہ پاؤں گا۔ پاکستانی حکام کی جانب سے افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، وزیراعظم عمران خان 9نومبر کو افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔

Exit mobile version