مودی بھارتی عوام نہیں انیل امبانی سمیت چند بڑے صنعت کاروں کے چوکیدار ہیں:راہول گاندھی

مودی بھارتی عوام نہیں انیل امبانی سمیت چند بڑے صنعت کاروں کے چوکیدار ہیں:راہول گاندھی

سپول(سچ نیوز)ہندوستان کی بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارت کی چوکیداری کرنے کا دعویٰ کرنے والے وزیراعظم نریندر مودی حقیقت میں بھارتی عوام کے نہیں  انیل امبانی سمیت چند بڑے صنعت کاروں کے چوکیدار ہیں، اس لئے ہندوستانی قوم نے انہیں ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق  کانگریس امیدوار رنجیت رنجن کے  انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لوگ  اپنے’’چوکیدار‘‘ کی اصلیت جان چکے ہیں ،اس لئے عوام نے مودی کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے،نریندر مودی اب جتنی مرضی کوشش کر لیںلیکن ہندوستان کی عوام انہیں اس بار وزیراعظم نہیں بننے دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی رافیل سودے کی تحقیقات  ہوں  گی تو ملک کا ’’چوکیدار‘‘ اور انیل امبانی جیل جائیں گے۔

راہول گاندھی نے مودی پر طنز  کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ یہ ’’چوکیدار‘‘ ہندوستان  کا نہیں بلکہ انیل امبانی کی چوکیداری کرتا ہے،اس نے انیل امبانی کو 30 ہزار کروڑ روپے دے دیئے جبکہ  15 امیروں کا ساڑھے پانچ لاکھ کروڑ معاف کردیا ،جی ایس ٹی یعنی ’’گبر سنگھ ٹیکس‘‘ اور نوٹ بندی جیسے فیصلے لیکر بھارت کے ساتھ ناانصافی کی ہے،مودی جی نے 2014 کے انتخاب میں پورے ملک کی چوکیداری کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے صرف وجے مالیا ، نیرو مودی ، انیل امبانی جیسے کوبروں کی چوکیداری کی۔

Exit mobile version