لاہور: (سچ نیوز) لاہور، ملتان اور رحیم یارخان میں غیر قانونی تھڑے، مکان اور ہال گرا دیئے گئے، چشتیاں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران احتجاج کرنیوالوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پنجاب بھر میں تجاوزات کے خلاف ایکشن جاری، لاہور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن چوتھے روز میں داخل ہو گیا۔ دھرم پورہ، گڑھی شاہو اور داروغہ والا میں آپریشن کے دوران تجاوزات گرانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔
ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے گول باغ، گلگشت، بوسن روڈ اور گردیزی مارکیٹ کے علاقوں میں آپریشن کیا جس کے دوران سینکڑوں تھڑے، دکانیں اور ہال مسمار کر دیئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کو آپریشن کے دوران تاجروں کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ رحیم یارخان میں بھی تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ زم زم گراؤنڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔
دوسری طرف چشتیاں میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران احتجاج کرنیوالی 15 خواتین سمیت 35 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، تین خواتین سمیت 9 افراد گرفتار بھی کئے گئے۔