اسلام آباد (سچ نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کا اسلام آباد میں خصوصی اجلاس منعقد کرایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی جس پر سعودی شہزادے نے اسلام آباد میں اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔او آئی سی کا مجوزہ اجلاس وزرائے خارجہ کی سطح کا ہوگا جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، بحرین، ترکی ، انڈونیشیا سمیت دیگر رکن ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملائیشیا میں ہونے والے والے حالیہ سمٹ کے بعد سعودی عرب نے او آئی سی کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے دورے کے دوران او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں بلانے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں شہریت کے متنازعہ قانون کا معاملہ سر فہرست ہوگا۔مسلمانوں کے معاملات حل کرنے میں کوئی خاص کردار ادا نہ کرنے کے باعث ملائیشیا، ترکی، انڈونیشیا، قطر اور ایران سمیت دیگر ممالک کو او آئی سی پر تحفظات ہیں، کوالالمپور کانفرنس کو سعودی عرب او آئی سی کے متبادل پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے جس کے باعث 18 سے 21 دسمبر تک ہونے والی کانفرنس کے بعد او آئی سی کا مجوزہ اجلاس اور زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے کوالا لمپور سمٹ میںشرکت کرنا تھی لیکن سعودی عرب اور یو اے ای کے دباﺅ کے باعث پاکستان اس میں شرکت نہیں کرپایا تھا۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے الزام عائد کیا تھا کہ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کو دھمکی دی تھی کہ اگر پاکستان کوالا لمپور سمٹ میں شریک ہوا تو اس کے 40 لاکھ لوگوں کو سعودی عرب سے نکال کر بنگالیوں کو ان کی جگہ پر بھرتی کرلیا جائے گا۔ محمد بن سلمان نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ پاکستان کے سٹیٹ بینک میں رکھے گئے پیسے بھی نکال لیے جائیں گے۔ترک صدر کے بیان کے بعد سعودی عرب کی جانب سے ایسی کسی بھی دھمکی کی تردید کی گئی ہے تاہم پاکستان کی جانب سے اس بیان کی کوئی واضح تردید نہیں کی گئی۔ ترک صدر نے ترک صدر کے بیان کے بعد یہ وضاحت جاری کی تھی کہ کوالا لمپور سمٹ پر کچھ بڑے اسلامی ممالک کو تحفظات تھے جس کی وجہ سے پاکستان نے اس میں شرکت نہیں کی۔