پیرس (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کی حیثیت یکطرفہ بدلنے کا اقدام بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے گلے پڑگیا، مودی فرانس پہنچے توصدر میکرون نے بھی کشمیر کی صورتحال پر بات شروع کردی، یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے فرانس پہنچا تھا۔ روزنامہ جنگ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم فرانس کے دورے پر ہیں، جہاں فرانسیسی صدر ایمانیوئل میکرون سے ملاقات ہوئی، انہوں نے مودی سے مسئلہ کشمیر پر بات کی اور بعد میں صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان سے مذاکرات کریں اور پاکستان سے مل کرمسئلہ کشمیر کاحل تلاش کریں۔ایمانیوئل میکرون نے کہا کہ فرانس کشمیر میں عام شہریوں کے حقوق پر توجہ مرکوز رکھے گا، ایل او سی کے اطراف آبادی کے مفادات اور حقوق یقینی بنانا ہوں گے، حالات خراب کرنے سے اجتناب کیا جائے۔صدر میکرون نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز میں وزیر اعظم عمران خان سے بھی بات کریں گے کہ کشمیر کے معاملے پر دو طرفہ بنیادوں پر بات ہونی چاہیے۔