نئی دلی ( سچ نیوز) بالی ووڈ کی پلے بیک سنگر نیتی موہن بھی پیا گھر سدھار گئیں، انہوں نے اپنے آئندہ کے سفر کیلئے نہار پانڈیا کا بطور ہمسفر انتخاب کیا ہے۔ یہ وہی نہار پانڈیا ہیں جن کا نام دپیکا پڈکون کے ساتھ بھی لیا جاتا رہا ہے۔
بالی ووڈ کی موہن سسٹرز میں سب سے بڑی بہن نیتی موہن نے 39 برس کی عمر میں شادی کرلی ہے۔ دہلی میں پیدا ہونے والی نیتی موہن نے ممبئی میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور نہار پانڈیا کے ساتھ حیدر آباد میں شادی کرلی۔ ان کی شادی کی تقریب حیدر آباد کے معروف مقام فلک نما محل میں ہوئی ۔ اس سے پہلے کہ نوبیاہتا جوڑے کا ولیمہ ہوتا نیتی موہن کے والد برج موہن شرما کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑ گیا جس کے باعث ولیمے کی تقریب اچانک منسوخ کرنا پڑگئی۔خیال رہے کہ نیتی موہن کی چھوٹی بہن شکتی موہن بالی ووڈ میں صف اول کی کوریو گرافر ہیں جبکہ ان سے چھوٹی بہن مکتی موہن بھی ڈانسر، کامیڈین اور ایکٹرس کے طور پر اپنی منفرد شناخت رکھتی ہیں۔
یہاں یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہ ہوگی کہ نیتی موہن کے شوہر نہار پانڈیا کا نام ایک عرصہ تک دپیکا پڈکون کے ساتھ آتا رہا ہے۔ یہ وہ وقت تھاجب دپیکا کو اتنی شہرت نہیں ملی تھی ۔ نہار پانڈیا سے بریک اپ کے بعد دپیکا کا بھارت کی معروف کاروباری شخصیت وجے مالیا کے صاحبزادے سدھارتھ مالیا کے ساتھ بھی چکر چلتا رہا ہے۔