لاہور(سچ نیوز)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کی 23رکنی کابینہ کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم نے اپنے دیرینہ رفیق اور معروف سیاسی و سماجی کارکن محمد اکرم چوہدری کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا سیاسی مشیر مقرر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد 23 رکنی پنجاب کابینہ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور وزرا کو ان کے محکمے بھی تفویض کر دیئے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم نے معروف سیاسی رہنما محمد اکرم چوہدری کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا سیاسی مشیر مقرر کر دیا ہے ۔واضح رہے کہ محمد اکرم چوہدری کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی کارکنان میں سے ہوتا ہے تاہم مشرف دور میں انہوں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور چوہدری پرویز الٰہی نے انہیں پنجاب حکومت میں میڈیا ایڈوائزر مقرر کیا تھا ۔محمد اکرم چوہدری ملک کے معروف قومی اخبار میں کالم نگاری بھی کرتے ہیں جبکہ میڈیا کے حلقوں میں بھی ان کا کافی اثر و رسوخ اور دوستیاں مشہور ہیں ۔محمد اکرم چوہدری وضع دار اور مرنجاں مرنج شخصیت ہیں اور ان کے تمام سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ اور رہنماؤں سے ذاتی نوعیت کے تعلقات ہیں ۔محمد اکرم چوہدری پنجاب کی سیاست پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں ۔سیاسی و صحافتی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا سیاسی مشیر مقرر ہونے پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے محمد اکرم چوہدری کو مبارکباد دی ہے ۔