قاہرہ(سچ نیوز)مصر کے شمالی شہر بنھا سے ایک خاندان کے تمام افراد کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا گیا۔
عرب ٹی وی کے مطابق بنھا شہرمیں ایک گھر سے تعفن زدہ 5افراد کی لاشیں ملی ہیں، انہیں بہ ظاہر گلے میں پھندا ڈال کر ہلاک کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تمام لاشوں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔القلیوبیہ کے ڈائریکٹر سیکیورٹی میجر جنرل رضا طبلیہ نے بتایا کہ مقامی شہریوں نے اطلاع دی کہ الرملہ کے مقام پر ایک فلیٹ سے بو آ رہی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو 5 افراد کو پھندے کے ساتھ لٹکایا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ان کی شناخت38 سالہ محمد امین عبدالرحمان، اس کے چار بچے 15 سالہ یوسف، 12 سالہ عمرو، 8 سالہ سماح اور تین ساہ سماء کے ناموں سے کی گئی اہے۔ فلیٹ اندر سے بند تھا اور اس کا دروازہ توڑ کرلاشیں باہر نکالی گئیں۔ لاشوں پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات نہیں تھے۔پولیس نے واقعے کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے تاہم اس حوالے سے تا حال کوئی پیش رف نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ بہ ظاہر یہ اجتماعی خود کشی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔